ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اردنی پاسپورٹ کے حامل فلسطینیوں کے حج میں رکاوٹ دور کر دی گئی

اردنی پاسپورٹ کے حامل فلسطینیوں کے حج میں رکاوٹ دور کر دی گئی

Sun, 21 Aug 2016 18:41:38    S.O. News Service

الخلیل21اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)فلسطینی محکمہ اوقاف ومذہبی امور نے بتایا ہے کہ اردنی پاسپورٹ کے حامل فلسطینی شہریوں کے حج ویزوں کے حصول میں درپیش مسئلہ حل کر لیا گیا ہے۔ اب اردن کے پاسپورٹ پر فلسطینی شہری حج کر سکیں گے۔ فلسطینی محکمہ امور حج و مذہبی امور کے ڈائریکٹر جنرل سلیم الاشقر نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اردن کے پاسپورٹ رکھنے والے فلسطینیوں کے حج کے لیے ویزوں کے حصول میں ایک تکنیکی نوعیت کا مسئلہ درپیش تھا۔ سعودی عرب کا آن لائن ویزہ سسٹم فلسطینی شہریوں کے پاسپورٹ کے ساتھ مملکت فلسطین کا نام اور خاص کوڈ طلب کر رہا تھا۔ مگر اردن کا پاسپورٹ رکھنے والے فلسطینیوں کو وہ کوڈ میسر نہیں تھا۔ اس لیے اردنی پاسپورٹس کے حامل فلسطینیوں کو فریضہ حج سے روک دیا گیا تھا تاہم اب یہ مسئلہ حل کر لیا گیا ہے۔فلسطینی ڈائریکٹرجنرل حج کا کہنا تھا کہ جس طرح دوسرے ملکوں میں مقیم فلسطینی شہری فریضہ حج کے اہل ہیں۔ اسی طرح اردن کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ رکھنے والے شہری بھی حج پر جا سکتے ہیں۔خیال رہے کہ گذشتہ روز یہ اطلاعات آئی تھیں کہ کہ اردن کاعارضی پاسپورٹ رکھنے والے فلسطینیوں کو فریضہ حج کی ادائی کے لیے سعودی عرب کا سفر کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اردن میں قائم سعودی عرب کے سفارت خانے نے ایسے250فلسطینی عازمین حج کے پاسپورٹ واپس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہری شہریت رکھنے والے فلسطینیوں کو حج پرجانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔فلسطینی حج وعمرہ یونین کے وائس چیئرمین کاظم حسونہ نے بتایا کہ اردن میں قائم سعودی سفارت خانے کی طرف سے صاف الفاط میں کہہ دیاگیاہے کہ اردن کا عارضی پاسپورٹ یا شناختی کارڈ رکھنے والے فلسطینیوں کو حج پرجانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سفارت خانے نے حج پرجانے کے خواہش مند250فلسطینیوں کے پاسپورٹس اور دیگر دستاویزات واپس کردی ہیں۔کاظم حسونہ کا کہنا ہے کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ سعودی حکام نے اردن کا پاسپورٹ رکھنے والے فلسطینیوں کو حج پر جانے سے روک دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے فریضہ حج پر جانے پر پابندی کا محرک سیکیورٹی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ادھرفلسطینی محکمہ مذہبی امور کے ڈپٹی سیکرٹری حسام ابو الرب نے کہا ہے کہ اردنی پاسپورٹ کے حامل فلسطینیوں کوحج پرجانے سے روکنے کا سبب تکنیکی نوعیت کا ہے۔ سعودی عرب کا نیا حج سسٹم بعض ملکوں میں رہنے والے دوسرے مسلمان شہریوں کو ویزوں کے اجراء میں مشکل کا سامنا کر رہا ہے۔ اس لیے ویزے جاری نہیں کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی حکام مسلسل سعودی عرب سے رابطے میں ہیں اور مسئلے کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں۔


Share: